پیر 17 اگست 2026 - 03:54
علامہ شیخ حسن جعفری:آغا عباس رضوی ایک صاحبِ علم خطیب ہونے کے ساتھ نہایت سادہ، مخلص اور درویش صفت انسان تھے

حوزہ/امام جمعہ سکردو نے سابق صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم آغا عباس رضوی ایک صاحبِ علم خطیب ہونے کے ساتھ نہایت سادہ، مخلص اور درویش صفت انسان تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے تعزیتی بیان کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے۔

بسم الله الرحمٰن الرحیم
انا لله وانا الیه راجعون

سابق صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان، سابق رکنِ اسمبلی، عالمِ دین، خطیبِ ملت اور درویش صفت شخصیت علامہ سید عباس رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت میرے لیے محض ایک عالمِ دین اور قومی شخصیت کی جدائی نہیں، بلکہ ایک دیرینہ رفیق، مخلص دوست اور قدیم ساتھی کی جدائی ہے۔ ان کی وفات کی خبر نے دل کو گہرے رنج و الم سے دوچار کیا ہے۔

آغا سید عباس رضوی مرحوم کے ساتھ میری رفاقت آج کی نہیں، بلکہ کئی دہائیوں پر محیط تھی۔ نجف اشرف کے علمی ماحول میں، جب ہم دونوں حصولِ علم میں مصروف تھے، زندگی کا ایک اہم حصہ ساتھ گزرا۔ درس و تدریس، علمی مجالس اور دینی و فکری گفتگو کے ساتھ ساتھ ایک ایسی قلبی وابستگی اور باہمی محبت قائم ہوئی جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی گئی۔ نجف اشرف کے وہ ایام اور علم و معرفت کے سفر کی وہ مشترکہ یادیں آج ان کی جدائی کے موقع پر شدت کے ساتھ ذہن میں تازہ ہو رہی ہیں۔

مرحوم آغا عباس رضوی ایک صاحبِ علم خطیب ہونے کے ساتھ نہایت سادہ، مخلص اور درویش صفت انسان تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی دین و ملت کی خدمت، عوام کی رہنمائی اور بلتستان کے اجتماعی و مذہبی امور کے لیے صرف کی۔

انجمنِ امامیہ بلتستان کی صدارت ہو، قانون ساز اسمبلی میں عوام کی نمائندگی ہو یا منبر و محراب سے دینی و سماجی شعور کی بیداری، انہوں نے ہر ذمہ داری کو اپنی استطاعت کے مطابق اخلاص کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی۔

آج ایک قدیم رفیق کی جدائی پر دل غمگین ہے، مگر حکمِ پروردگار کے سامنے سرِ تسلیم خم ہے۔ نجف اشرف سے شروع ہونے والی ہماری دیرینہ رفاقت، باہمی محبت اور وہ قلبی تعلق زندگی کی ان یادوں میں شامل رہے گا جنہیں وقت کبھی محو نہیں کر سکتا۔

میں مرحوم کے اہلِ خانہ، اولاد، عزیز و اقارب، شاگردوں، عقیدت مندوں اور پوری ملتِ بلتستان کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں۔

بارگاہِ خداوند متعال میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ علامہ سید عباس رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی تمام دینی، علمی اور ملی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، درجات بلند کرے اور انہیں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

خداوند متعال تمام پسماندگان اور متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

شریکِ غم: شیخ محمد حسن جعفری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha